خواجہ آصف میں اخلاقی جرات اور شرم و حیا ہوتی تو مستعفی ہو جاتے: اسد قیصر
03-13-2025
(لاہور نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ وزیر دفاع کے دل و دماغ پر پی ٹی آئی اور سوشل میڈیا سوار ہے، خواجہ آصف میں اخلاقی جرات اور شرم وحیا ہوتی تو مستعفی ہو جاتے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کہہ رہے ہیں سب کچھ پی ٹی آئی کی وجہ سے ہو رہا ہے، سب کچھ آپ کی نااہلی کی وجہ سے ہو رہا ہے، ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے ہم اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی آڑ میں عدلیہ پر حملہ کیا گیا، جب تک عدلیہ آزاد نہیں ہو گی ملک آگے نہیں بڑھے گا، تمام ادارے اس کام میں لگے ہوئے ہیں جو ان کا نہیں، ملک میں آئین رہا اور نہ قانون نہ اداروں کی عزت ہے، ان کے نمائندے اس کام میں لگے ہوئے ہیں کہ پی ٹی آئی کو کس طرح توڑیں۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ آج کاروبار بند ہیں، بیروزگاری، مایوسی اور نوجوانوں میں نااُمیدی بڑھ رہی ہے، دو صوبوں میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہو گا، آپ جان بوجھ کر چھوٹے صوبوں کو محروم رکھ رہے ہیں، حکومت آج روڈمیپ دیتی، بتایا جاتا اس صورتحال سے کیسے نکلیں گے۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ کو خارجہ پالیسی کو ری وزٹ کرنا ہوگا، آپ کے ایران کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہیں، افغانستان کے ساتھ تعلقات پر تحفظات ہمیں بھی ہیں، ٹیبل پر مسائل کا حل ممکن ہے، پشاور میں کاروبار کا دارومدار افغانستان سرحد سے ہے، افغانستان ایک جنگ زدہ ملک ہے آپ ان کو مستقل دشمن بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی غیر قانونی مقیم افراد ہیں ان کیخلاف ایکشن ہونا چاہیے، پاکستان کیخلاف کوئی کارروائی ہوتی ہے تو بھرپور مذمت کرتے ہیں، دہشتگردی پر بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کو آن بورڈ رکھا جائے، سندھ اور پنجاب میں کچے کے ڈاکو ہیں ان کیخلاف بھی فیصلہ کرنا چاہیے۔ رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اس پارلیمنٹ میں وہ طاقت نہیں کہ عوام کی نمائندگی کرے، ہم نے مطالبہ کیا صاف اور شفاف الیکشن ہوں، حقیقی نمائندے ہی پارلیمنٹ کو چلا سکتے ہیں، پی ٹی آئی کے 1700 لوگوں پر مقدمات ہوئے، انہیں گرفتار کیا گیا تاہم ہم قیدی نمبر 804 کی بات ہر وقت اور ہر موقع پر کریں گے بانی پی ٹی آئی کو ناحق قید کیا ہوا ہے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ آئیں الیکشن لڑیں پی ٹی آئی عام ورکرز سے آپ کا مقابلہ کرائے گی، آپ کہہ رہے ہیں مہنگائی کم ہے آئیں بازاروں میں چلیں، لاہور بھی جا کر دیکھا ہے، لاہور ہماری حکومت میں بہتر بن گیا تھا، پچھلے دنوں کراچی گیا اور حیدر آباد کا دورہ کیا، کراچی کو دیکھ کر مجھے بہت دُکھ ہوا، حیدر آباد میں بھی دودھ کی نہریں بہتی نہیں دیکھیں۔