ڈولفن سکواڈ و پی آر یو کی کارروائی، 3 رکنی نوسرباز گروہ گرفتار

03-13-2025

(ویب ڈیسک) ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو نے کارروائی کے دوران ٹھوکر کے قریب مسافر کا قیمتی سامان چرانے والا 3 رکنی نوسرباز گروہ گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری نے اپنا قیمتی گارمنٹس کا سامان رکشہ میں لوڈ کروایا تھا تاہم رکشہ ڈرائیور اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ سامان  لے کر فرار ہو گیا، شہری نے فوری طور پر 15 پر کال کی اور مدد کی درخواست کی۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق پی آر یو کی ٹیم  نے ملزمان کی تفصیلات اور ان کے حلیہ جات کی بنیاد پر ڈاکٹر ہسپتال کے قریب رکشہ سمیت انہیں راؤنڈ اپ کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا، ملزمان رشید، عرفان اور فیصل کو تھانہ جوہر ٹاؤن کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔