ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کی کارروائی، 7 ایجنٹ گرفتار

03-13-2025

(لاہور نیوز) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے 7 ایجنٹ گرفتار کر لئے۔

ایف آئی اے لاہور زون کا ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کی ٹیم  نے گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس پر چھاپہ مار کر ایجنٹ گرفتار کر لئے، ملزمان میں کامران، اللہ دتہ، سفیان اور علی رضا شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان میں آصف، اکرام اور محمد آصف بھی شامل ہیں، ملزمان کا تعلق لاہور کے مختلف علاقوں سے ہے، ملزمان شہریوں سے پاسپورٹس بنوانے کی مد میں پیسے بٹور رہے تھے، ملزمان شہریوں کو پاسپورٹ فوری بنوانے کا جھانسہ دے کر اضافی پیسے ہتھیا رہے تھے۔ ملزمان سے ٹوکن، بینک چالان، رسیدیں و دیگر شواہد برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پاسپورٹ مافیا کے خلاف جاری تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا، پاسپورٹ آفس کے ملازمین کے ملوث ہونے کا تعین بھی دوران تفتیش کیا جا رہا ہے۔