گوگل والٹ! ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب مثبت قدم
03-12-2025
(ویب ڈیسک) گوگل پے جو کہ ایک عالمی ڈیجیٹل ادائیگی کا پلیٹ فارم ہے، آج پاکستان میں باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا جائے گا جو کہ ملک کے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔
گوگل کے عہدیدار لانچ ایونٹ میں شرکت کریں گے، اس کے بعد بینک اپنے صارفین کے لئے اس پلیٹ فارم کو دستیاب کرائیں گے جس کا انحصار ان کی تیاری پر ہو گا۔ یہ ڈیجیٹل سروس پاکستانی صارفین کو اپنے بینک سے جاری کردہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کو گوگل والٹ ایپ کے ذریعے گوگل پے سے لنک کرنے کی اجازت دے گی جس کیوجہ سے صارفین بغیر کسی رابطے کے ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ پاکستان کا ادائیگی کا بنیادی ڈھانچہ ابھی تک اتنا جدید نہیں ہوا اور لوگوں میں لین دین کے معاملات زیادہ تر کیش پر ہی چلتے ہیں لیکن گوگل پے کا آغاز اس رجحان کو بدلنے کی کوشش کرے گا اور لوگوں کو پیسے بھیجنے اور وصول کرنے کے لئے ایک آسان اور محفوظ طریقہ فراہم کرے گا۔ یہ پلیٹ فارم مقامی بینکوں کے ساتھ بخوبی ہم آہنگ ہے جس سے صارفین کو اپنے اکاؤنٹس اور کارڈ کی تفصیلات کو روزمرہ کے لین دین کے لئے لنک کرنے کی سہولت ملے گی۔