سینئر ٹینس کھلاڑی طلحہ وحید کا شاندار کارنامہ، گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج

03-12-2025

(ویب ڈیسک) پاکستان کے سینئر ٹینس کھلاڑی طلحہ وحید نے شاندار کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا ۔

انہوں نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ کامیاب ٹینس سروسز کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے جو پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ اس سے قبل یہ عالمی اعزاز امریکی کھلاڑی جان پیری کے پاس تھا، جان پیری نے 2019 میں ایک منٹ میں 42 کامیاب سروسز کے ساتھ عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ طلحہ وحید کا شمار ملک کے نمایاں سینئر ٹینس کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ وہ 35 پلس، 40 پلس اور 45 پلس ڈبلز کیٹیگریز میں کئی قومی ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں، جبکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے سینئر ورلڈ رینکنگ ٹورنامنٹس میں حصہ لے چکے ہیں اور ان کی بہترین عالمی رینکنگ 40 پلس ڈبلز کیٹیگری میں 144 رہی ہے۔ طلحہ وحید نے یہ گینز بک آف دی ورلڈریکارڈ توڑنے کا عزم اس وقت ظاہر کیا جب انہیں 2019 میں امریکہ کے جان پیری کی جانب سے قائم کردہ 42 کامیاب سروسز کے عالمی ریکارڈ کا علم ہوا۔ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے طلحہ وحید نے  تین ماہ سخت ٹریننگ کی  اور ہر تکنیکی پہلو پر کام کیا۔ 8 نومبر 2024 کو لاہور میں گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مقرر کردہ اصولوں کے مطابق انہوں نے اپنا باضابطہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی۔ ان کی محنت اور عزم کا نتیجہ 10 مارچ 2025 کو سامنے آیا جب گنیز ورلڈ ریکارڈز نے باضابطہ طور پر ان کے نئے ریکارڈ کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں عالمی ریکارڈ ہولڈر قرار دے دیا۔ صدر پی ٹی ایف اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور دیگر عہدیداران اور ساتھی کھلاڑیوں نے اس کامیابی کو پاکستان ٹینس کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔