شوکت خانم فلائی اوور سے شوق چوک سیوریج تبدیلی منصوبہ زور نہ پکڑ سکا
03-11-2025
(ویب ڈیسک) شوکت خانم فلائی اوور سے شوق چوک تک سیوریج تبدیلی منصوبے پر عملی طور پر کام ٹینڈر ہونے کے بعد بھی زور نہ پکڑ سکا۔
واسا اور کنٹریکٹرز کی سیوریج تبدیلی منصوبے پر سست روی سامنے آ گئی، منصوبے کا ٹینڈر گزشتہ ماہ فائنل ہوا اور ورک آرڈر بھی جاری کیا گیا، اعلیٰ حکام نے منصوبے پر عملی طور پر کام شروع کرنے کیلئے متعدد دورے بھی کئے، کنٹریکٹرز اور واسا آپریشنز کی جانب سے پلاننگ کے فقدان سے منصوبہ لٹک گیا۔ منصوبے کیلئے پہلے ہی منظوری میں چھ ماہ ضائع کر دئیے گئے ، ذرائع کے مطابق سیوریج تبدیلی کا کام بروقت شروع نہ ہوا تو ایک سال میں تکمیل ناممکن ہو گی۔ ادھر خیابان فردوسی پر سروسز کی منتقلی کا کام بھی تاحال شروع نہ ہوا، لیسکو ، سوئی گیس ، سیف سٹی ، پی ایچ اے اور دیگر اداروں کی سروسز کو منتقل ہونا تھا، واسا اور ٹریفک پولیس تاحال متبادل روٹ پلان بھی فائنل نہ کر سکے۔