میڈیا کا گلہ دبایا جارہا، امن وامان کی خراب صورتحال ہے: عمر ایوب
03-10-2025
(لاہور نیوز) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا ہے کہ میڈیا کا گلہ دبایا جا رہا، امن وامان کی خراب صورتحال ہے۔
بیرسٹر گوہر کے ہمراہ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے بارڈر پر پٹرول کی سمگلنگ ہو رہی ہے کون ذمہ دار ہے؟ پیکا ایکٹ کے تحت میڈیا کا گلا دبایا جا رہا ہے، کسان رل گیا ہے جبکہ ملک میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے۔ بیرسٹر گوہر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان کا خطاب ہمیں بالکل اچھا نہیں لگا، صدر اپوزیشن چیمبرز سے ہو کر گزرے اور نہ ہی تمام اکائیوں کو متحد کرنے والا خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری پوری قوم کو متحد کرنے کیلئے کردار ادا کرنے میں ناکام رہے، ان کی تقریر میں نے نہیں سنی، اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا دریں اثناء صاحبزادہ حامد رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی بغیر کسی بھی ڈیل کے ہونی ہے، میں بات پر قائم ہوں کہ عمران خان کو تین سے چار ماہ میں باہر آتا دیکھ رہا ہوں تاہم چار میں سے ایک ماہ نکال دیں 3 رہ گئے ہیں بانی پی ٹی آئی اگلے تین ماہ میں جیل سے باہر ہوں گے۔