پی ٹی آئی میں نامعقول مشوروں کی وجہ سے غلط فیصلے ہو رہے ہیں: شیر افضل مروت

03-09-2025

(لاہور نیوز) سابق رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں نامعقول مشوروں کی وجہ سے غلط فیصلے ہو رہے ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا مسئلہ یہ ہےکہ وہ ایک فیصلے پر ٹکتی نہیں، عمران خان کو نامعقول مشورے دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ نامعقول مشوروں کی وجہ سے غلط فیصلے ہو رہے ہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی کی کارکردگی سے مایوس ہوا ہوں، میں خود کو تو پی ٹی آئی میں ہی سمجھتا ہوں، جن لوگوں نے پارٹی کو دھوکہ دیا اور پیسے لیے وہ پارٹی میں ہیں۔ سابق رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سازشیں کرنے والا فتنہ گروپ پارٹی میں غلط فیصلے کروا رہا ہے، پچھلی دفعہ بھی پی ٹی آئی ایم این ایز کو دو، دو ارب کی آفرز ہوئی تھی، اب پھر سن رہا ہوں ایم این ایز کو پیسوں کی آفر ہو رہی ہے۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ میں  نے بانی پی ٹی آئی کیلئے دو ارب چھوڑ دیئے تھے، ان کی نشست پر پیسہ لینا میرے لیے حرام ہے، ایک اور سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ اگرپیپلزپارٹی اپنےموقف پر ڈٹی رہی تو فارورڈ بلاک بن جائے گا، مولانا فضل الرحمان سے انقلابی بننے کی توقع غلط ہے، مولانا صاحب اپوزیشن میں ہیں ہی نہیں۔