قرطبہ چوک، ملحقہ آبادیوں کیلئے پانی کے ذخیرے کا نیا منصوبہ منظور
03-08-2025
(ویب ڈیسک) واسا نے قرطبہ چوک، وارث روڈ، کوئنز روڈ، مزنگ اور ملحقہ آبادیوں کے لئے پانی کے ذخیرہ کے ایک نئے منصوبے کی منظوری دے دی۔
اس منصوبے کے تحت واسا کو وارث روڈ پر واٹر سٹوریج ٹینک کی تعمیر کی منظوری حاصل ہو گئی جس میں بارشی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 18 لاکھ گیلن تک ہو گی۔ واسا کو متروکہ وقف املاک بورڈ سے 2 کنال اراضی لیز پر لینے کی منظوری بھی مل گئی جس کے بعد واٹر سٹوریج ٹینک کی تعمیر کے منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے گا، واسا نے متروکہ وقف املاک بورڈ کو اراضی کی لیز کے لئے سمری ارسال کی تھی۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لئے 60 کروڑ روپے کی لاگت سے نیا واٹر ٹینک بنایا جائے گا، واسا منظوری کے منٹس کے اجرا کے بعد جلد ہی ٹینڈرنگ پراسیس کا آغاز کرے گا۔