چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کی رقم 60 ہزار کرنے کا اعلان
03-07-2025
(ویب ڈیسک) چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کی تقریب میں صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے انٹرن شپ کی رقم 60 ہزار کرنے کا اعلان کر دیا۔
صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب خواہاں ہیں کہ نوجوان نسل کو ہر میدان میں بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا پنجاب کی 65 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کو آگے لا کر ہی ترقی کی میدان میں آگے بڑھا جا سکتا ہے، پہلے فیز میں چھ ہزار نوجوانوں کو وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیرکھیل پنجاب نے کہا اگلے فیز میں تعداد 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار تک لائیں گے، چھ ماہ کی انٹرن شپ کو ایک سال پر لا رہے ہیں، اگلے فیز میں وظیفہ کو 60 ہزار تک بڑھا رہے ہیں۔ تقریب میں انٹرن شپ حاصل کرنیوالے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔