پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کیخلاف آپریشن، کروڑوں کے واجبات وصول

03-07-2025

(ویب ڈیسک) صوبہ پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کیخلاف آپریشن کے دوران کروڑوں کے واجبات وصول کئے گئے۔

ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب عمر شیر چٹھہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں پراپرٹی ٹیکس کے نادہندگان کے خلاف سخت کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، تمام اضلاع اور زونز کے ای ٹی اوز کو کمرشل اور نیم کمرشل جائیدادوں کو سربمہر کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہیں۔ یکم تا 5 مارچ تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران 9,700 سے زائد نادہندہ جائیدادوں کو سیل کیا جا چکا ہے، جن پر 30 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات تھے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں صرف 5 روز میں 3,000 سے زائد پراپرٹی مالکان  نے ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس جمع کروایا جس کے بعد ان کی جائیدادیں بحال کر دی گئیں۔ ڈائریکٹر جنرل عمر شیر چٹھہ  نے واضح کیا ہے کہ تمام ضلعی افسران اور انسپکٹرز کو ہدایت دی جا چکی ہے کہ وہ 25 مارچ تک تمام پراپرٹی ٹیکس نادہندگان سے وصولی کو یقینی بنائیں، یہ آپریشن 30 جون تک جاری رکھا جائے گا اور ان پراپرٹی مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو بار بار یاد دہانیوں کے باوجود اپنے واجبات ادا نہیں کر رہے۔