سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے اینٹی کرائم سپیشلائزڈ یونٹ کا قیام ناگزیر ہے، آئی جی پنجاب

03-06-2025

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے اینٹی کرائم سپیشلائزڈ یونٹ کا قیام ناگزیر ہے۔

سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان سمیت سینئر افسران شریک ہوئے، اجلاس میں آئی جی پنجاب نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے اغراض و مقاصد، ہیومن ریسورس، لاجسٹکس سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا احتساب اور ویجیلنس کا نظام انتہائی تیز، موثر اور شفاف ترین ہو گا، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے لئے ریجنل اور ڈسٹرکٹ افسران کے نام فائنل، لیگل فریم ورک کے بعد جلد نوٹیفکیشن جاری ہو گا، سی سی ڈی افسران و اہلکاروں کی سی ٹی ڈی طرز پر سپیشلائزڈ ٹریننگ کروائی جائے گی، اضلاع سی سی ڈی کو ریڈز کے لئے ایلیٹ پولیس، ٹیکنیکل و لاجسٹکس سپورٹ فراہم کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے کہا لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول ڈی پی اوز کی ذمہ داری ہے، سی سی ڈی اضافی سپورٹ فراہم کرے گا، پنجاب پولیس کے تمام یونٹس سی سی ڈی کے ساتھ مل کر پوری قوت سے جرائم کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ  نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کرائم فائٹر پولیس افسران کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا حصہ، آرگنائزڈ کرائم کی سرکوبی مشن ہے، ضلعی پولیس افسران اہم کیسز کو سی سی ڈی کو ٹرانسفر کر سکیں گے۔