ملک کو اندر سے مضبوط کرنا ہوگا : شاہد خاقان عباسی
03-05-2025
(لاہور نیوز) سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو اندر سے مضبوط کرنا ہو گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ امریکا سے آس لگانا کوئی نئی بات نہیں ہے، داعش کے کمانڈر کی گرفتاری پر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا، یہ بات اسی حد تک رہےگی، ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی ہرگزرتےدن تبدیل ہو جاتی ہے، یوکرین کی حالت سب نے دیکھ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو اندر سے مضبوط کرنا ہو گا، اگر امریکا سے عمران خان کے لیے کوئی پریشر آیا تو وزیر اعظم کہیں گے خدمات کے لیے حاضر ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق حکومت کو کوشش کرنی چاہیے۔ سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ملک نہیں چل رہا، ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلانا ہو گا، ہمیں آئین وقانون کے مطابق ہی راستہ نکالنا ہو گا۔ شاہد خاقان عباسی نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے حالات غیر معمولی ہیں، اس کا حل بھی غیر معمولی ہو گا، سیاسی، عسکری اور جوڈیشری لیڈر شپ ایک ٹیبل پر بیٹھے اور ایک ایجنڈا طے کریں کہ ملک کیسے چلے گا، ایک یونٹی گورنمنٹ بنائی جائے جو اس ایجنڈے پر عمل کرے، اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس نہج پر ملک پہنچ گیا ہے، اس کے نظام کو یکسر تبدیل کرنا ہے، کوئی ایک جماعت نظام کو تبدیل نہیں کر سکتی سب کو اکٹھے بیٹھنا ہو گا، مشکل حالات دیکھ کر مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے۔ سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ہر پاکستانی غریب سے غریب ہوتا جا رہا ہے، ملک کی معیشت سکڑ رہی ہے، نوکریاں پیدا نہیں ہو رہیں جبکہ عوام ملک چھوڑ کر بیرون ملک جا رہے ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری بھی نہیں آرہی ہے۔