جامعہ حقانیہ دھماکہ قابل مذمت، حملہ کرنیوالے مسلمان نہیں: طاہر اشرفی
02-28-2025
(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ آج جامعہ حقانیہ میں دھماکے کی مذمت کرتا ہوں، گھناؤنے فعل میں ملوث مسلمان نہیں ہو سکتے۔
لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات جب بھی بہتری کی طرف چلتے ہیں دشمن سازشوں کے ذریعے حالات خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان ہم سب کا ملک ہے اس کا استحکام ہم سب کو بہت عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی نماز میں میرا بھائیوں جیسا دوست خالق حقیقی سے جا ملا، مسجدوں، چرچز اور دیگر عبادت گاہوں پر حملہ کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، ہم قرآن، حج، حرمین شریفین اور الاقصیٰ کی بات کرتے رہیں گے۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل کا کہنا تھا کہ پاکستان کےخلاف دشمنوں کی سازشیں ملکر ناکام بنائیں گے، دین کی سربلندی اور ملکی استحکام ہماری اولین ترجیح ہے۔ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں قوم متحد ہے، حج کے دوران سعودی قوانین پرعمل درآمد یقینی بنانا ہو گا۔