لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن پہنچا دی گئیں

02-27-2025

(لاہور نیوز) لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن پہنچا دی گئیں۔

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میتیں وصول کیں، میتوں میں مصور حسین، شعیب علی، عابد حسین، شعیب حسین، مصائب حسین کا تعلق کرم سے تھا۔ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ افسوسناک واقعے پر لواحقین کے غم میں شریک ہیں، 5 فروری کو پیش آنے والے سانحے نے ملک کے کئی خاندانوں کو سوگ میں ڈال دیا۔ وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ باقی جاں بحق افراد کے جسد خاکی بھی جلد وطن واپس لائیں گے، اسی طرح لیبیا میں زندہ بچ جانے والے 37 پاکستانیوں کی واپسی کیلئے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں، نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ ایسے خطرناک راستے اختیار نہ کریں اور قانونی ذرائع ہی کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کریں۔