بروقت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے: الیکشن کمیشن
02-26-2025
(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بروقت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق ان چیمبر سماعت کا اعلامیہ جاری کر دیا۔ اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے فل بنچ نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت کی، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آئین کےتحت الیکشن کمیشن وفاق اور صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا پابند ہے، بدقسمتی سے کوئی بھی صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کروانے کے لئے تیار نہیں ہوتی، ہم اپنی تیاریاں مکمل کر لیتےہیں تو صوبائی حکومتیں قوانین میں ترامیم کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترامیم کی وجہ سے انتخابات کا عمل دوبارہ شروع کرنا پڑتا ہے، تین صوبوں اور کنٹونمنٹس میں جدوجہد کے بعد کمیشن بلدیاتی انتخابا ت کے انعقاد میں کامیاب ہوا تاہم بروقت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صوبوں کی ذمہ داری ہے۔ سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ مختلف اوقات میں صوبائی حکومتوں نے پانچ مرتبہ انتخابی قوانین تبدیل کئے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لئے تین 3 دفعہ حلقہ بندیاں کیں، شیڈول دینے کے باوجود صوبوں میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کمیشن کو بتایا کہ موجودہ گورنمنٹ نے حکومت سنبھالتے ہی لوکل باڈیز ایکٹ پر کام شروع کر دیا تھا، تمام سٹیک ہولڈرز کا فیڈ بیک ضروری ہوتا ہے، اب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا حتمی مسودہ پنجاب اسمبلی میں ضروری قانون سازی کے لئے بھجوا دیا گیا ہے، جونہی قانون سازی کا عمل مکمل ہوتا ہے تو قانون کے تحت رولز بھی بنا دیئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کی قانون سازی کا عمل فوری مکمل کرے تاکہ الیکشن کمیشن قانون کے تحت پنجاب میں فوری حلقہ بندی کا عمل شروع کرے اور پنجاب میں فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔