شعور آ چکا، نوجوانوں نے جلاؤ گھیراؤ کی سیاست مسترد کر دی: عظمیٰ بخاری

02-26-2025

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اب شعور آ چکا ہے، نوجوان نسل نے مار دھاڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ایک سال میں کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کئے ہیں، مریم نواز نے سیاست کو خدمت میں تبدیل کر کے نیا ٹرینڈ متعارف کروایا ہے، ایک طرف مریم نواز عوامی خدمت کے ریکارڈ بنا رہی ہیں تو دوسری طرف مخالفین زبان درازی کے ریکارڈ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 76 سالہ تاریخ میں کسی حکومت نے اتنے منصوبے شروع نہیں کئے جتنے مریم نواز  نے ایک سال میں مکمل کر دیئے ہیں، پاکستان کے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس، سکالرشپ، لیپ ٹاپ اور آسان کاروبار کے لئے قرض چاہئے، نوجوانوں کو پٹرول بم، غلیلیں اور کیلوں والے ڈنڈے نہیں چاہئیں۔ عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو شعور آ چکا ہے، نوجوانوں نے جلاؤ گھیراؤ اور مار دھاڑ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، مریم نواز نوجوان نسل کے لئے ایک امید اور ایک آس بن کر آئی ہیں، ایک ماں ہمیشہ اپنے بچوں کو آگے بڑھتا اور ترقی کرتا دیکھنا چاہتی ہے، کوئی ماں اپنے بچوں کو حوالات اور جیلوں میں نہیں دیکھنا چاہتی۔