شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا

02-25-2025

(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا۔

مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا، ایبٹ روڈ ، لکشمی چوک ، شملہ پہاڑی اور گردونواح میں ہلکی بارش ہوئی، حاجی کیمپ ، ڈیوس روڈ ، سندر داس روڈ ، مال روڈ پر بھی ہلکی بارش برس پڑی، جوہر ٹاؤن ، ٹھوکر نیاز بیگ ، ملتان روڈ اور ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی  ہوئی، بوندا باندی اور بارش کے بعد سردی کا احساس بڑھ گیا۔ اس کے علاوہ قصور، پنڈی بھٹیاں، رینالہ خورد، کندیاں چشمہ اور نواح میں بارش ہوئی، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بادل برسنے کی بھی پیشگوئی کر دی گئی، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی نوید سنا دی گئی، پہاڑوں پر برفباری کا امکان پیدا ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے یکم مارچ تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے، بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا۔