ن لیگ نے جب بھی باگ ڈور سنبھالی، ملک نے ترقی کی: مریم اورنگزیب
02-22-2025
(لاہور نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ن لیگ نے جب بھی ملک کی باگ ڈور سنبھالی، پاکستان نے ترقی کی۔
راولپنڈی میں ستھرا پنجاب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز انتہائی متحرک وزیراعلیٰ ہیں، ستھرا پنجاب پروگرام انقلابی پروگرام ہے، پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے شہروں اور دیہات کی صفائی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام شروع کرکے وزیراعلیٰ مریم نواز نے مثال قائم کی، ستھرا پنجاب ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کا پروگرام ہے، اگلے مرحلے میں ویسٹ سے انرجی بنانے کا مرحلہ شروع ہو گا، پنجاب کے ہر شہر کو مثالی بنائیں گے، پنجاب کو صاف ستھرا بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے جب بھی ملک کی باگ ڈور سنبھالی، ملک نے ترقی کی، ہم فساد اور انتشار کی نہیں ترقی کی بات کرتے ہیں، تحریک انصاف کے 4 سال میں ملک کو تباہ کر دیا گیا، ملک میں بیروزگاری اور دہشتگردی واپس آ گئی تھی، ترقی کرتے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا گیا، انہوں نے کاغذ لہرا کر کہا میرے خلاف سازش ہوئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا تھا، نواز شریف نے کہا کہ سیاست کو ریاست پر ترجیح نہیں دے سکتے، جب اقتدار سنبھالا تو ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا، شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے ملک کو ڈیفالٹ سے نکالا، آج ملک میں ترقی ہو رہی ہے، سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت پر خوش ہیں، ایک سال میں 50 ہزار بچوں کو پنجاب میں سکالر شپس مل چکی ہیں، پنجاب میں مفت ادویات کی فراہمی بند کر دی گئی تھی، 3 ماہ میں 5 لاکھ افراد کو ان کی دہلیز پر مفت ادویات پہنچائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے ہم سے بیانیہ نہیں بنتا، ہم سے گالی گلوچ اور فساد کا بیانیہ نہیں بنتا، ہم سے صرف اور صرف ترقی کا بیانیہ بنتا ہے، ہم فتنہ فساد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم سے سوال پوچھیں شہباز شریف نے ملک کیسے بچایا ہم جواب دیں گے۔