نواز شریف سے شائشہ پرویز اور علی پرویز ملک کی ملاقات، معاشی امور پر تبادلہ خیال
02-21-2025
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی شائشہ پرویز ملک اور وزیر مملکت علی پرویز ملک نے ملاقات کی۔
ملاقات میں نواز شریف نے پرویز ملک مرحوم کی خدمات کو سراہا، انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مرحوم ایک دبنگ اور نہایت اچھے انسان تھے، ان کی کمی کو پورا نہیں کیا جا سکتا۔ دوران ملاقات نواز شریف کو علی پرویز ملک نے پاکستان کے معاشی صورتحال سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی، اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات بہت بہتر ہو چکے ہیں، مزید بہترین کی طرف گامزن ہیں۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے کہ ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا تھا، سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا، پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا ہے، شہباز شریف کی محنت سے معاشی استحکام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل سے معاشی ترقی یقینی ہو گی، ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوش حال بنانا ہے، جو وعدے کئے تھے اللہ تعالی کے فضل و کرم سے وہ آج عوام کو پورے ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ آخر میں نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ جس حالت میں پاکستانی معیشت ہمیں ملی تھی ،آج اس سے بالکل مختلف صورتحال ہے۔