شہر کے مختلف علاقوں میں بارش، واسا اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
02-20-2025
(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کے باعث واسا، ایم سی ایل اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں، اہم شاہراہوں اور انڈرپاسز میں نکاسی آب کیلئے مشینری فعال رکھی جائے، نکاسی آب آپریشن سے متعلقہ تمام افسران فیلڈ وزٹ کریں، ٹریفک رواں دواں رکھی جائے، شہر کے تمام ڈسپوزل سٹیشنز پوری گنجائش سے فعال رہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ رات سے لاہور میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارشوں کا سپیل 21 فروری تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ شہر میں برسنے والی بارش کے اب تک کے اعدادوشمار سامنے آ گئے، جیل روڈ پر 11 ، ایئر پورٹ پر 8 اور گلبرگ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نشتر ٹاؤن اور سمن آباد میں 6.5 ، لکشمی چوک 4، قرطبہ چوک اور اپرمال میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔