انسانی سمگلنگ میں ملوث اے ایس ایف کا سابقہ اہلکار گرفتار
02-17-2025
(لاہور نیوز) ایف آئی اے لاہور زون نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث اے ایس ایف کے سابق اہلکار کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی سمگلنگ میں ملوث اے ایس ایف کا سابقہ اہلکار گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی شناخت گلفام کے نام سے ہوئی، ملزم اے ایس ایف میں بطور کارپول تعینات رہا، گرفتار ملزم سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پایا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے 2 شہریوں کو بوسنیا ملازمت کا جھانسہ دے کر فی کس 40 لاکھ روپے بٹورے، ملزم نے شہریوں کو پہلے وزٹ ویزے پر شارجہ بھجوایا، ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ملی بھگت سے متاثرین کے پاسپورٹس پر بوسنیا کے جعلی ویزے لگائے۔ ترجمان ایف آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ متاثرین نے مذکورہ ویزوں پر شارجہ سے بوسنیا جانے کی کوشش کی، جعلی ویزوں کی بنیاد پر متاثرین کو شارجہ سے واپس ڈیپورٹ کر دیا گیا تھا، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اسکے دیگر ساتھی ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر لاہور زون کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے، انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ، معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔