مہنگائی سے پیچھا چھڑانا مشکل ہو گیا، پھلوں کے دام میں مسلسل اضافہ

02-17-2025

(لاہور نیوز) رمضان المبارک سے قبل ہی مہنگائی کی پرواز مزید بلندی کی جانب گامزن ہے۔

مہنگائی سے پیچھا چھڑانا مشکل سے مشکل تر ہو گیا، غریب کیلئے پھل خریدنا خواب بن گیا، سرکاری ریٹ لسٹ میں 7 پھل مزید مہنگے کر دیئے گئے، سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت ہونا معمول بن گیا۔ سیب کالا کولو 450 روپے کلو ، کیلا درجہ اول 260 روپے فی درجن میں فروخت ہونے لگے، اناربدانہ 1200 روپے جبکہ انار قندھاری 600 روپے کلو میں دستیاب ہے، 400 روپے والا کینو مارکیٹ میں 650 روپے درجن مل رہا ہے۔ اس کے علاوہ خربوزہ 200 روپے جبکہ پپیتا 400 روپے کلو میں بِک رہا ہے، کھجور ایرانی کی 475 کے بجائے 580 روپے کلو میں فروخت جاری ہے، پیاز، لیموں اور پالک کے ساتھ دیگر سبزیاں بھی مہنگائی کی لپیٹ میں ہیں۔ ادھر پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں عدم استحکام دیکھنے میں آیا، برائلر گوشت 7 روپے مہنگا، قیمت 595 روپے کلو مقرر ہو گئی، انڈے 262 روپے کے بجائے 275 روپے درجن میں مل رہے ہیں۔ شہریوں نے رمضان سے قبل مہنگائی مافیا کے متحرک ہونے کا شکوہ کیا ہے۔