حوا کی ایک اور بیٹی سسرالیوں کے ظلم کا شکار
02-14-2025
(ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے میں ایک اور خاتون سسرالیوں کے ظلم کا شکار ہو گئی۔
مقتولہ کی شناخت رمشاء کے نام سے ہوئی جو 2 بچوں کی ماں تھی، اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ رمشاء کے سسرالیوں نے مبینہ طور پر اُسے زہر دے کر قتل کیا۔ رمشاء کی شادی 4 سال قبل سبزہ زار کے رہائشی عمران کے ساتھ ہوئی تھی، والد جمیل کے مطابق شادی کے بعد سے ہی رمشاء کے سسرالیوں کا رویہ اُس کے ساتھ ٹھیک نہیں تھا، شوہر عمران، دیور جنید، سسر راشد اور ساس سمیت اہل خانہ نے رمشاء پر تشدد کیا تھا۔ پولیس نے رمشاء کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا اور پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔ والد جمیل کی جانب سے پولیس کو کارروائی کے لئے درخواست بھی موصول ہو چکی ہے جس میں ساس، سسر، شوہر اور دیور کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ درخواست پر تفتیش جاری ہے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔