مولانا فضل الرحمن کا پیکا ایکٹ کیخلاف صحافیوں کی مکمل حمایت کا اعلان

02-13-2025

(لاہور نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے متنازع پیکا ایکٹ کیخلاف علی الاعلان صحافیوں کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان  نے کہا کہ یہ پیکا ایکٹ دراصل پھیکا ایکٹ ہے، ہم صحافیوں کے ساتھ قدم بہ قدم چلیں گے۔ فضل الرحمان  نے کہا کہ ہمیشہ یہ کہا ہے حکومت صحافیوں کیلئے ضابطہ اخلاق نا بنائے بلکہ یہ کام انہیں دیدے، یقین ہے صحافی خود اپنے لئے ضابطہ اخلاق بنائیں تو یہ سب سے بہتر ہو گا۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق بنانا ہے تو میڈیا سے ہی بنوایا جائے، حکومت میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق بنائے گی تو اپنے مقاصد اس میں رکھے گی، چند ماہ قبل 26 ترمیم کے نام پر شب خون مارا گیا، ہم  نے شب خون مارنے کا مقابلہ کیا۔ انہوں  نے کہا کہ آئینی ترمیم  کے نام پر ایسی ایسی قانون سازی کی جا رہی ہے جو آئین کے بھی خلاف ہے، جب اپنی باتیں منوا نہیں سکے ہیں تو پی ٹی آئی اور جے یو آئی کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی، ہم  نے باہمی اعتماد سے اپوزیشن کو اکٹھا رکھا ہے اور آگے بڑھ رہے ہیں۔