طیب اردوان مسلم امہ کی آواز، ہمیشہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر آواز اٹھائی: وزیر اعظم

02-13-2025

(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان مسلم امہ کی آواز ہیں، ترک صدر نے ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر آواز اٹھائی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر طیب اردوان  نے پاکستان ترکیہ بزنس فورم میں شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ برادر ملک ہے، ترک صدر کے دورہ پاکستان میں برادرانہ تعلقات کے فروغ پر بات ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، دونوں ملکوں کے درمیان 5 ارب ڈالر کے تجارتی حجم کے ہدف کے لیے پُرعزم ہیں، پاکستان اور ترکیہ دوستی کو نئی بلندیوں پر  لے جائیں گے، ترک سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔ پاکستان ترکیہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان  نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ طیب اردوان نے کہا کہ اسلام آباد، تہران، استنبول کے درمیان تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے، اقتصادی راہداری منصوبہ تجارت کے فروغ کے لیے اہم ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، مستقبل میں بہترین حکمت عملی سے آگے بڑھا جا سکتا ہے، پاکستانی عوام  نے ہمیشہ مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں جنگ سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے، اسرائیل نے غزہ میں مظالم کی انتہا کر دی، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، اسرائیلی بمباری سے ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، فلسطینی عوام کو مشکل وقت میں اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا، فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ترک صدر نے کہا کہ خطے میں امن اور ترقی کے لیے مل کر کردار ادا کرنا ہو گا، قوم کے بہتر مستقبل کے لیے سخت محنت کرنا ہو گی، تاجر برادری کو بہتر مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا۔