پاکستان نے انٹرنیشنل نیزہ بازی چیمپئن شپ جیت لی
02-13-2025
(لاہور نیوز) لاہور میں 3 روزہ ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔
پی ایچ اے کے زیر اہتمام ہارس اینڈ کیٹل شو کی رنگا رنگ تقریبات جاری ہیں، فورٹریس سٹیڈیم اور بینین ٹری پولو گراؤنڈ میں 3 روزہ ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔ نیزہ بازی کے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی ٹیم نے چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ میں مصر نے دوسری اور سعودی عرب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے صدر صاحبزادہ سلطان محمد علی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں اس کھیل کے لئے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا آنا بہت بڑی کامیابی ہے۔ ٹینٹ پیگنگ کے کھلاڑیوں نے پاکستان کی مہمان نوازی اور کھیلوں کیلئے سازگار ماحول کو خوب سراہا۔ بین الاقوامی ٹینٹ پیگنگ کے مقابلوں میں پاکستان ، سعودی عرب، قطر، کویت ، مصر ، ناروے ، امریکہ، جنوبی افریقہ اور عمان کی ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا۔