ترک صدر دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

02-12-2025

(ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان آج دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، یہ ان کا پانچ سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا جس میں ان کی وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر ساتویں پاک ترک ہائی لیول سٹریٹجک کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ترک صدر کا دورہ ملائیشیا اور انڈونیشیا کے دورے کے بعد ہو رہا ہے اور ان کے ہمراہ ترک وزرا، سینیئر حکام اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی ہو گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کے اختتام پر اہم معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کئے جائیں گے، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر  مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ ترک صدر دورے کے دوران ترکیہ-پاکستان بزنس انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے جبکہ ان کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔