قذافی سٹیڈیم میٹرو سٹیشن کو گرین انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ تیار

02-07-2025

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے نے قذافی سٹیڈیم میٹرو سٹیشن کو گرین انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔

قذافی سٹیڈیم میٹرو سٹیشن کو گرین انرجی پر منتقل کرنے کا دوبارہ پلان بنایا گیا ہے جس کیلئے دو کروڑ 84 لاکھ 70 ہزار روپے کا تخمینہ لگا لیا گیا، قذافی سٹیڈم میٹرو سٹیشن کو گرین انرجی میں تبدیل کرنے کا کام تین ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا۔ پلان کے تحت قذافی سٹیڈیم میٹرو سٹیشن کو مکمل طور پر سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا، مارچ 2025 میں سٹیشن پر کام شروع کیا جائے گا۔ گرین انرجی کے لئے تیس سالہ گارنٹی کے پی وی ماڈیول خریدے جائیں گے، سٹیشن کے سولر پینل کی نیٹ میٹرنگ بھی کی جائے گی، کنٹریکٹر کی طرف سے ایک سال کے لئے مرمت و بحالی کی وارنٹی بھی دی جائے گی۔ واضح رہے کہ ایل ڈی اے نے دسمبر 2024 کو قذافی سٹیڈیم میٹرو سٹیشن پر سولر پینل لگانے کا پلان بنایا تھا،  سٹیشن کو گرین انرجی پر منتقل کرنے کی ذمہ داری ایل ڈی اے کو تفویض کی گئی ہے، ایل ڈی اے انتظامیہ دسمبر 2024 میں منصوبے پر عمل نہ کر سکی۔