رائیونڈ: پولیس اہلکار کی ساتھیوں سمیت بیوہ خاتون سے مبینہ زیادتی
02-05-2025
(لاہور نیوز) رائیونڈ پولیس کے کانسٹیبل سمیت دیگر افراد نے مبینہ طور پر بیوہ خاتون سے زیادتی کے بعد تشدد کر کے اس کی برہنہ ویڈیو بھی بنائی۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ بیوہ خاتون کی درخواست پر خاتون سے زیادتی کا مقدمہ نمبر 921/25 تھانہ رائے ونڈ سٹی میں درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر کے متن کے مطابق شراب کے نشے میں دھت اہلکاروں نے بیوہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا اور برہنہ کر کے ویڈیو بناتے رہے۔ پولیس حکام نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، واقعے میں ملوث ایک کانسٹیبل کو حراست لے لیا گیا ہے، معاملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں، ذمہ داروں کیخلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی، درخواست کے متن کے مطابق پولیس ملازم ساتھیوں کے ہمراہ خواتین اور اہلخانہ پر تشدد کی ویڈیو بھی بناتا رہا، قانونی کاروائی کرنے پر برہنہ ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دیتا رہا جبکہ پولیس ملازم اور اس کے ساتھی جسم فروشی کرنے کا بھی الزام لگاتے رہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث ایک مرکزی ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے، واقعہ میں ملوث کانسٹیبل کو معطل کر کے اسکے خلاف محکمانہ کارروائی بھی جاری ہے، پولیس کے مطابق اس کیس میں ملوث 3 مزید ملزمان ابوبکر، سہیل اور ثقلین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔