فوڈ سیفٹی ٹیموں کا لالہ پاک کالونی میں چھاپہ، ملاوٹی ہلدی تلف
01-28-2025
(لاہور نیوز) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لالہ پاک کالونی میں چھاپے کے دوران ملاوٹی ہلدی اور مرچ تلف کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
لاہور میں ملاوٹی ہلدی سپلائی کرنے والے یونٹ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں آ گئے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لالہ پاک کالونی میں سپائسز یونٹ پر چھاپہ مار کر 480کلو تیار ہلدی اور مرچ تلف، مقدمہ درج اور یونٹ کی پروڈکشن بند کر دی، موقع پر کئے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا ہلدی اور سرخ مرچ پاؤڈر میں ملاوٹ پائی گئی، ہلدی کو غیر معیاری اجزاء اور ممنوع رنگوں کی ملاوٹ سے تیار کیا گیا تھا، انتہائی لازم ریکارڈ، میڈیکل، ٹریننگ عدم موجود ، صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے، تیار ہلدی ٹوٹے گندے فرش پر رکھی پائی گئی۔ عاصم جاوید کا کہنا تھا ملاوٹی مصالحے تیار کر کے سپلائی کرنے پر یونٹ بند کر کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا، ملاوٹی مصالحہ جات پیٹ اور انتڑیوں کی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے، ملاوٹی مصالحہ جات کو لاہور کے مضافات گلی محلوں میں فروخت کیا جانا تھا، زیادہ منافع کی لالچ میں عوام کی صحت سے کھیلنے والے مافیا کیخلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا مزید کہنا تھا شہری کھلے مصالحے ہرگز مت خریدیں، غذائیت سے بھرپور خوراک کا چناؤ یقینی بنائیں، بنیادی اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ کرنے والے معاشرے کا ناسور ہیں، کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔