پولیس مقابلہ،ساتھیوں کی فائرنگ سے 2 اشتہاری ملزم ہلاک

01-26-2025

(لاہور نیوز) آرگنائزڈ کرائم یونٹ اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ،دو اشتہاری ملزم ہلاک،پولیس ملزموں کو ریکوری کے لئے لے جارہی تھی تو ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔

پولیس ٹیم ملزم عدنان عرف دانی کو برائے برآمدگی مال مسروقہ و اسلحہ علاقہ تھانہ اسلام پورہ لے جارہی تھی، دو موٹرسائیکلوں پر سوار4 نامعلوم ملزمان نے اپنے زیر حراست ساتھی ملزم کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم عدنان عرف دانی شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ یاد رہے کہ ہلاک ملزم عدنان عرف دانی نے کچھ عرصہ قبل شرقپور شریف کے علاقہ میں شہری کو اندھا دھند فائرنگ کرکے ناحق قتل کر دیا تھا۔ اپنے ہی حملہ آور ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک حملہ آور بھی شدید زخمی ہو گیا جس نے اپنا نام مبشر مسیح بتایا۔ زخمی ملزم مبشر نے مزید انکشاف کیا کہ اس نے اپنے تین ساتھیوں اعجاز عرف ججی ،اکرم عرف اکری اور یاسرمہتاب کے ساتھ مل کر اپنے ساتھی کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر حملہ کیا۔ زخمی ملزم مبشر مسیح کو برائے علاج معالجہ ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ بھی راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ڈی ایس پی دانش آصف رانجھا کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزم ڈ کیتی، رابری، نقب زنی اور موٹرسائیکلز سنیچنگ جیسی 54 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محموظ رہے، ہلاک ہونے والے ملزمان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔