سہ فریقی سیریز: حتمی سکواڈ کیلئے سلیکٹرز کی مشاورت مکمل

01-25-2025

(ویب ڈیسک) سہ فریقی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ون ڈے سکواڈ کا اعلان دوسرے ملتان ٹیسٹ کے اختتام پر متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلیکٹرز نے تمام مشاورت مکمل کر لی ہے، چیئرمین پی سی بی کی منظوری سے سکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے جانے والے ون ڈے سکواڈ میں متعدد تبدیلیاں متوقع ہیں، صائم ایوب کی انجری کے باعث سکواڈ میں شمولیت کا امکان نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ فخر زمان، خوشدل شاہ اور سعود شکیل کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے جبکہ عباس آفریدی اور عامر جمال کے ناموں پر غور کیا گیا۔ محمد رضوان، بابر اعظم، سلمان آغا اور کامران غلام سکواڈ میں شامل ہوں گے، ان کے علاوہ نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد بھی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز 8 فروری کو جبکہ چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے شروع ہو گی۔