ڈی سی لاہور کے مختلف مقامات کے دورے، تجاوزات و صفائی ستھرائی اقدامات کا جائزہ

01-25-2025

(لاہور نیوز) ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل نشتر زون کے مختلف مقامات کے دورے کئے، تجاوزات و صفائی ستھرائی اقدامات کا جائزہ لیا۔

 ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا دورے کے دوران گجومتہ، کشمیر پکی روڈ، پرانا کاہنہ گئے اور صفائی ستھرائی کے اقدامات کا جائزہ لیا، سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر نشتر زون محمد سلیم آسی و دیگر بھی ہمراہ تھے، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نشتر ٹاؤن نے کلین مشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات جاری ہیں۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا متعدد بار وارننگز نوٹسز دینے کے باوجود تجاوزات کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، تجاوزات آپریشن میں رکاوٹ بننے والوں کا سامان ضبط کیا جائے، بھاری جرمانے عائد کئے جائیں، مستقل و عارضی تجاوزات کو فی الفور ہٹایا جائے اور آلودگی کا باعث بننے والی تمام اشیاء کو ختم کروایا جائے۔ انہوں نے کہا صفائی میکانزم میں بہتری کے لئے ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں، کوڑا ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کروایا جائے، صفائی ستھرائی انتظامات میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، مرکزی شاہراہوں سمیت گلی و محلوں میں صفائی نظام کو برقرار رکھا جائے۔ ڈی سی لاہور  نے ہدایت کی کہ انتظامی افسران گلی و محلوں میں بھی صفائی نظام کا ازخود جائزہ لیں، ایم سی ایل ریگولیشن ونگ کو شہر بھر میں بینرز و سٹریمرز و پوسٹرز کو اتروانے کا حکم بھی دیا گیا۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کلین مشن کی تکمیل کے لئے کاوشیں جاری ہیں۔