یکی گیٹ پولیس کی کارروائی، پتنگ ساز گرفتار
01-25-2025
(لاہور نیوز) یکی گیٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگ ساز گرفتار کر لیا۔
پتنگ سازوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا، یکی گیٹ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کے دوران پتنگ ساز گرفتار کر کے خام مال سے بھرا ٹرک پکڑ لیا۔ پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی پتنگیں تیار کرنے والے بانس، گڈی پیپر اور لیوی بھی برآمد کر لی، پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ واضح رہے کہ پنجاب میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی پر سخت سزائیں ہوں گی، صوبہ بھر میں پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، خلاف ورزی پر کم از کم 3 سے 7 سال تک قید کی سزا ہو گی۔ پتنگ بازی، تیاری، فروخت اور نقل و حمل پر 5 لاکھ سے 50 لاکھ تک جرمانہ ہو گا ، پابندی کا اطلاق پتنگوں، دھاتی تاروں، نائلون کی ڈوری، تندی، پتنگ بازی کے مقصد کیلئے تیز دھار مانجھے کے ساتھ تمام دھاگوں پر ہو گا ، پتنگ بازی سے متعلقہ مواد کی تیاری اور نقل و حمل پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔