حکومت کمیشن کا اعلان کرے پھر مذاکرات کریں گے، علی محمد خان
01-24-2025
(لاہور نیوز) رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کمیشن کا اعلان کر دے پھر مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹو نائٹ ود ثمر عباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل کو شروع ہوئے ایک ماہ ہو گیا ہے، ہم نے مذاکراتی عمل کو بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا، حکومت کی طرف سے کچھ لوگ سنجیدہ نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ملٹری کورٹ اور پھر بانی کو سزا سنائی گئی، عمران خان کو سزا اورحامد رضا کے گھر چھاپے نے مذاکرات کے ماحول کو خراب کیا، عمل میں آخری کیل حامد رضا کے گھر چھاپے نے ٹھونک دی ہے۔ علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کیلئے مخلص نہیں ہے، وزیر اعظم آج کمیشن بنانےکا اعلان کر دیں، حکومت کے اعلان کے بعد مذاکرات شروع ہو جائیں گے، جو فریق عدالت سے بھاگتا ہے اس کی نیت میں فتور ہوتا ہے اگر ان کو کوئی مسئلہ نہیں تو جوڈیشل کمیشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔