وی وی آئی پیز کیلئے پروٹوکول میں شامل گاڑیوں کا فیول چوری ہونے کا انکشاف

01-24-2025

(لاہور نیوز) وی وی آئی پیز کیلئے پروٹوکول میں شامل گاڑیوں کا فیول چوری ہونے کے انکشاف کے بعد گاڑیوں میں ٹریکر لگوانے کا فیصلہ کر لیا گیا، گاڑیوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

وی وی آئی پیز کی گاڑیوں میں سالانہ ساڑھے 3 کروڑ روپے صرف فیول کی مد میں لگنے لگا جبکہ وی وی آئی پیز پروٹوکول میں شامل گاڑیوں کا فیول چوری ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔  پولیس کی جانب سے وی وی آئی پیز کے ساتھ جانے والی گاڑیوں میں ٹریکر لگوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وی وی آئی پیز کے ساتھ ایلیٹ فورس اور گاردات کی گاڑیاں جاتی ہیں، گاڑیوں میں ٹریکر لگوا کر فیول چوری کو کنٹرول کیا جا سکے گا۔ ماہانہ 30 ہزار سے زائد لیٹر پٹرول اور ڈیزل پروٹوکول کی گاڑیوں میں ڈلوایا جا رہا تھا، گاڑیوں کی انسپکشنز کے بعد فیول چوری ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑیوں میں ٹریکر کی مدد سے گاڑیوں کی مائلیج کو بھی مانیٹر کیا جا سکے گا اور گاڑیوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔