ڈیل کا تاثر وہ دے رہے ہیں جن کو بنیادی باتوں کی وضاحت کی ضرورت ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

01-21-2025

(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ڈیل کا تاثر وہ دے رہے ہیں جن کو بنیادی باتوں کی وضاحت کی ضرورت ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام آ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے اپنی کابینہ کو دھوکا دیا، عہدے کا ناجائز استعمال کیا، اس سے پہلے ایسی کرپشن نہیں دیکھی۔ ملک احمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس حق ہے کہ عدالتی فیصلے کو چیلنج کر سکیں، جب حکومت بنی تھی تو فارم 45 اور 47 کا شور مچا تھا، فیصل آباد میں بڑے بڑے برج الٹ گئے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ فیصل آباد میں ن لیگ کو کلین سویپ ہو گیا، کسی کے پاس دھاندلی کے کوئی شواہد نہیں، یہ پلانٹڈ ایجنڈا ہوتا ہے، پی ٹی آئی نے ججز اور اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل کی، شہریوں کے ساتھ ریاست کا معاہدہ ہو رہا ہے، صحت اور معاشی سہولیات بہتر ہو رہی ہیں۔ ملک احمد خان نے کہا کہ انہیں 2018 میں ججز اور اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی حاصل تھی، اب ریاست اور عوام میں ایک نیا معاہدہ سامنے آ رہا ہے، 6 ماہ بعد آپ دیکھیں گے بڑی بہتری آئے گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ دو الگ سیاسی سوچ والی جماعتیں ہیں، میرے پیپلز پارٹی کے ساتھ بنیادی ایشوز پر اختلافات ہیں، دونوں جماعتوں میں کوئی اختلاف حکومت پر اثر انداز نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو واقعی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، میں 18 سے 20 گھنٹے کام کرتا ہوں دنیا میں قانون سازوں کو بہترین معاوضہ ملتا ہے، ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں قانون کے تحت اضافہ ہوا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ قانون کے تحت رکن اسمبلی کی تنخواہ گریڈ ون کے ملازم جتنی ہونی چاہیے۔