ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر صدارت میٹنگ، مقدمات کی پراگریس رپورٹ کا جائزہ

01-21-2025

(لاہور نیوز) ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی زیر صدارت انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں میٹنگ ہوئی جس میں مقدمات کی پراگریس رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

کرائم میٹنگ میں تمام ڈویژنز کے تفتیشی افسران نے شرکت کی، میٹنگ میں عدم پتہ اور زیر التواء مقدمات کی پراگریس رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، اچھی کارکردگی پر شمالی چھاؤنی کے سب انسپکٹر شرافت اور مناواں کے ASI محمد سید کے لئے تعریفی سرٹیفکیٹس کا اعلان کیا گیا جبکہ ناقص کارکردگی پر ASI محمد افضل اور محمد اشرف کو شو کاز نوٹس جاری کئے گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کہا خواتین سے زیادتی، ظلم و تشدد اور ہراسگی کے مقدمات کی تفتیش میں کوتاہی برداشت نہیں ہو گی، خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا مزید کہنا تھا چالانی تناسب میں بہتری کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، مضبوط چالان مرتب کر کے گنہگار کو سزا دلوائیں، میرٹ پر سمجھوتا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، لاہور پولیس خواتین سے زیادتی اور تشدد کی تمام اقسام کی مذمّت کرتی ہے، عوام الناس کو ہر صورت بروقت انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔