ماہ دسمبر میں بجلی کی فیول کاسٹ 10 فیصد کم ہو گئی، نیپرا
01-21-2025
(لاہور نیوز) بجلی کی فیول کاسٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ذرائع کا بتانا ہے ماہ دسمبر میں گزشتہ برس کے مقابلے فیول کاسٹ 10 فیصد کم ہو گئی، ماہ دسمبر میں بجلی کی اوسط فیول کاسٹ صرف نو روپے نو پیسے فی یونٹ رہی، دسمبر 2023 میں بجلی کی فیول کاسٹ دس روپے 13 پیسے فی یونٹ تھی۔ نیپرا ذرائع کے مطابق دسمبر 2024 میں صرف مقامی کوئلے سے پیدا کردہ بجلی کی فیول کاسٹ میں اضافہ ہوا، آر ایل این جی، قدرتی گیس اور فرنس آئل سے تیار بجلی کی فیول کاسٹ کم ہوئی، فرنس آئل بجلی کی گزشتہ برس دسمبر 2023 میں فیول کاسٹ 38 روپے 55 پیسے فی یونٹ رہی، دسمبر 2024 میں فرنس آئل بجلی کی فیول کاسٹ 21 فیصد کمی سے 33 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہی، آر ایل این جی بجلی کی فیول کاسٹ دسمبر 2023 میں 26 روپے 22 پیسے فی یونٹ رہی۔ نیپرا کے مطابق آر ایل این جی بجلی کی فیول کاسٹ 13 فیصد کمی سے 22 روپے 73 پیسے فی یونٹ رہی، قدرتی گیس سے تیار کردہ بجلی کی کاسٹ 8 فیصد کمی سے 13 روپے 41 پیسے رہی، درآمدی بجلی بھی دسمبر 2023 کے مقابلے 15 فیصد سستی رہی جبکہ مقامی کوئلے سے بنی بجلی کی فیول کاسٹ 43 فیصد اضافے سے 17 روپے 67 پیسے فی یونٹ رہی۔ بجلی مہنگی ہونے کی وجہ بنیادی خام مال کی بجائے دیگر پیداواری اخراجات ہیں۔