گورنر پنجاب کی امریکہ کے تعاون سے پسماندہ اضلاع میں ماڈل سکولز بنانے کی تجویز
01-18-2025
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے امریکہ کے تعاون سے صوبہ پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں ماڈل سکولز بنانے کی تجویز دیدی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے لاہور میں تعینات امریکن قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکنز (Kristin Hawkins) کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے یو ایس قونصل جنرل کا صحت، زراعت اور تعلیم کے شعبے میں امریکی تعاون کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا ملک میں معیشت سمیت ترقی کے اشاریے مثبت سمت میں گامزن ہیں، صوبہ پنجاب میں صحت، تعلیم اور زرعی شعبے کی بہتری ترجیح ہے، پنجاب میں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا پنجاب حکومت کے مختلف مسائل کی نشاندہی کرتا رہتا ہوں، کراچی میں منعقدہ پہلی گورنرز کانفرنس کا مقصد گورنر کے آئینی اور قانونی کردار کو بہتر کرنا تھا، اگلی گورنرز کانفرنس کی میزبانی لاہور میں کروں گا ، کوشش ہے کانفرنس میں خطے سے بھی مختلف ممالک کے گورنرز کو دعوت دی جائے تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع مل سکے، مثبت تنقید جمہوریت کا حسن ہے۔ سردار سلیم حیدر خان کا مزید کہنا تھا اتحادی حکومت کا اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ملک کے استحکام کیلئے ضروری ہے، یونیورسٹیوں میں میرٹ کی بالادستی اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہوں۔