پی ٹی آئی کا چارٹر آف ڈیمانڈ جھوٹ کے سوا کچھ نہیں، وزیر اعظم نے کمیٹی بنا دی: رانا ثنا اللہ
01-16-2025
(لاہور نیوز) وزیر اعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے عرفان صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے حکومتی کمیٹی کو پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ جھوٹ کے سوا کچھ نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آج حکومت اور اپوزیشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، تحریک انصاف کی جانب سے پیش چارٹر آف ڈیمانڈ کا جواب دینے کیلئے وزیر اعظم نے تمام اتحادیوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی ایک موثر جواب تیار کرے گی وہ حتمی جواب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پہلے 2 بنیادی مطالبات تھے جو اس میں شامل نہیں، ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے اس مطالبے سے وہ دستبردار ہو گئے ہیں، دوسرا مطالبہ تھا کہ تمام مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں، انہوں نے کسی ورکر کا نام یا ایف آئی آر کا نمبر نہیں دیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 9 مئی کی گرفتاری کے معاملے پر سپریم کورٹ پہلے ہی کارروائی کر چکا، گڈ ٹو سی یو والا مشہور معاملہ اسی کیس میں ہوا تھا، چیف جسٹس نے اس معاملے کا نوٹس لیا تھا، یہ ایک ختم شد معاملہ ہے اس پر اب کیا ہو گا، یہ تمام کیسز انسداد دہشت گردی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ ایریا میں جو گھروں کو آگ لگائی گئی ان کے ملٹری کورٹ میں فیصلے ہو چکے ہیں، کمیشن کا تو یہ مینڈینٹ ہی نہیں ہوتا کہ جن کیسز کا عدالت میں فیصلہ ہو چکا ہو اس میں کوئی رول ادا کرے، جب کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہوں تو کمیشن کچھ نہیں کر سکتا۔ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ یہ پچھلے ایک ماہ سے پروپیگنڈا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ہلاک کیا گیا، انہیں اس دستاویز میں لوگوں کے نام دینے چاہیے تھے، ہم اس معاملے پر اپنا موقف دیتے اور معاملے کی تردید ہوتی یا تصدیق، ان کو پونے دو ماہ میں معلوم ہی نہیں ہو سکا کون سے لوگ ہلاک یا زخمی ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اتنے لوگ مسنگ ہوتے جتنے یہ کہہ رہے ہیں تو ان کی فیملیز ڈی چوک بیٹھی ہوتیں، 2 مہینے بعد بھی اگر ہلاک و زخمیوں کے نام نہیں دے سکے تو یہ جھوٹ، پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں، اس لسٹ کا ہم نے ان سے مطالبہ کیا جس پر انہوں نے یہ لسٹ دینے کا وعدہ کیا تھا۔