سکیورٹی فورسز کے 14 دسمبر سے اب تک آپریشنز میں 22 خوارج ہلاک، 18 زخمی

01-16-2025

(لاہور نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے 14 دسمبر 2024 سے کئے گئے مختلف آپریشنز کے دوران 22 خوارج ہلاک، 18 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر کے ضلع تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کے متعدد واقعات اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے جواب میں سکیورٹی فورسز  نے علاقے میں خوارج کے خلاف وسیع انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں خوارج کے مکمل خاتمے تک خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیاں جاری رہیں گی، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تیراہ، ضلع خیبر میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے۔ شہباز شریف نے ان آپریشنز میں 22 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، وزیر اعظم  نے کہا کہ پوری ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُر عزم ہیں۔