لاہور: پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، خطرناک شوٹر ہلاک
01-16-2025
(لاہور نیوز) آرگنائزڈ کرائم یونٹ سٹی کوتوالی اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق شیخوپورہ میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا قتل، اقدام قتل،اغواء میں مطلوب انتہائی خطرناک شوٹر اشتہاری ملزم اعظم علی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ حکام نے بتایا کہ پولیس ٹیم ملزم کو مال مسروقہ و اسلحہ کی برآمدگی کیلئے علاقہ تھانہ گجرپورہ لے جا رہی تھی، نامعلوم ملزمان نے اپنے زیر حراست ساتھی شوٹر کو چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے اعظم علی شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ ہلاک ملزم قتل، اقدام قتل، اغواء، دہشت گردی، منشیات سمگلنگ جیسے سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا، ہلاک ملزم لاہور، شیخوپورہ میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔