سابق وزیر اعلی کے صاحبزادے مونس الہٰی کیخلاف قتل ومعاونت کا مقدمہ جھوٹا ثابت
01-15-2025
(لاہور نیوز) چودھری مونس الہٰی کیخلاف گجرات میں درج قتل و معاونت کا مقدمہ جھوٹا ثابت، عدالت نے اشتہاری قرار دئیے جانے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
بیگم قیصرہ الہٰی کے وکیل عامر سعید رانا نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ مقدمے کا اندراج 29 جون 2023 کو ہوا جبکہ مونس الہٰی 28 دسمبر 2022 سے بیرون ملک مقیم ہیں، بدنیتی کی وجہ سے مونس الہٰی کو اس کیس میں شامل اور بعد ازاں اشتہاری قرار دیا گیا جو غیر قانونی اقدام تھا۔ دوران سماعت مقدمے کے مدعی محمد اکرم اور گواہان محمد اسجد اور سجاد اشرف نے سیشن مجسٹریٹ کے روبرو اپنے بیان حلفی میں کہا کہ ہم نے مونس الہٰی پر ہم نے کبھی کوئی الزام نہیں لگایا، نہ ہی مونس الہٰی کا اس مقدمہ سے کوئی تعلق واسطہ ہے، ہم اس معاملے میں مونس الہٰی کے خلاف کارروائی کا کوئی عندیہ نہیں رکھتے۔ مدعی محمد اکرم کے مطابق پولیس نے مذکورہ وارنٹ غیر قانونی طور پر حاصل کیا لہٰذا مونس الہٰی کے خلاف وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دیا جائے، مدعی اور گواہان کے بیانات کے بعد ایڈیشنل سیشن جج گجرات سیف اللہ تارڑ نے مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا اور معاملہ نظرثانی کیلئے اسی عدالت کو واپس بھجوا دیا۔