5 سال چور چور کا راگ الاپنے والے کوئی ثبوت نہیں دے سکے: مریم نواز
01-15-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 5 سال چور چور کا راگ الاپنے والے کوئی ثبوت نہیں دے سکے۔
سیالکوٹ میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہونہار سکالرشپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو میرٹ پر سکالرشپس دی جا رہی ہیں، کوئی سفارش قبول نہیں کی، 11 ماہ کے عرصے میں کسی بھی محکمے میں سفارش پر کوئی تعیناتی نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکالرشپ پروگرام سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر کے طلبہ کیلئے بھی جلد شروع کیا جائے گا، وزیراعلیٰ ہونے کی حیثیت سے مجھے صوبے کے ہر طالبعلم کا خیال رکھنا ہے، کوشش ہے صوبے میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے، مستحق اور لائق بچوں کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ کسی بھی قوم کی بہتری میں تعلیم کا معیار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، ہونہار طلبہ نے سکالرشپس اپنی محنت اور اہلیت سے حاصل کی ہیں، آپ جیسے ہونہار طلبہ ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ نوجوان ہیں، میری پہلی ترجیح نوجوان ہیں، نوجوانوں کیلئے راستے نکالنا میری ذمہ داری ہے، میں ذمہ داری نبھاؤں گی، لیپ ٹاپس کی پہلی کھیپ پہنچ گئی ہے، طالبعلموں میں لیپ ٹاپس کی تقسیم کا عمل جلد شروع کریں گے، جلد طلبہ کو مفت ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس بھی دوں گی، پہلی بار طلبہ کو محسوس ہوا کہ کسی نے ان کے میرٹ کی قدر کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست خدمت کا نام ہے، ہم نے تشدد کی سیاست کبھی نہیں کی، ہم لشکر کشی کے بجائے خدمت کی سیاست پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے پنجاب پر حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 5 سال چور چور کا راگ الاپنے والے کوئی ثبوت نہیں دے سکے، جو نوجوانوں کے ٹھیکیدار بنے ہوئے تھے انہوں نے کیا کام کئے؟ کبھی نہیں کہا کہ میری خاطر سڑکوں پر توڑ پھوڑ کرو، کبھی نہیں کہا کہ رینجرز اور پولیس کی وردیاں پھاڑ دو۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ ڈوبتی معیشت کو بہتری کی طرف لے کر آئے ہیں، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلندیوں پر پہنچ گئی ہے، مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ دوران خطاب وزیراعلیٰ پنجاب نے 2 طالبات کو سٹیج پر بلایا، طالبہ نے مریم نواز کو پینٹنگ گفٹ کی جس پر مریم نواز نے کہا کہ آپ کے تحائف اور تصاویر کو اپنے آفس میں لگاؤں گی، انہوں نے تقریب سے بلا کر طالبہ کو اپنی کرسی پر بھی بٹھایا۔