ضلعی حکومتوں کو تحلیل کرنے سے متعلق جواب جمع نہ کرانے پر عدالت برہم

01-15-2025

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ضلعی حکومتوں کو تحلیل کرنے سے متعلق حکومت پنجاب کی جانب سے جواب نہ جمع کرانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے ضلعی حکومتوں کو تحلیل کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رانا شمشاد عدالت پیش ہوئے۔ درخواست گزار کرنل مبشر کے وکیل ملک اویس خالد نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ حکومت پنجاب نے کسی قانونی جواز کے بغیر ضلعی حکومتیں تحلیل کیں، عدالت ضلعی حکومتیں بحال کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رانا شمشاد نے کہا کہ تحریری جواب جمع کرانے کی مہلت دی جائے۔ عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر تحریری جواب نہ آنے پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا۔ بعدازاں عدالت عالیہ نے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔