شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 خوارج ہلاک

01-15-2025

(لاہور نیوز) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 خوارج ہلاک کر دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 14 اور 15 جنوری کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ ہلاک خوارج فورسز کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے جن سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر  کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔