عثمان قادر کرکٹ کے بہتر مستقبل کیلئے کینگروز کے دیس جا بسے
01-15-2025
(ویب ڈیسک) سپن باؤلر عثمان قادر کرکٹ کے بہتر مستقبل کے لئے آسٹریلیا چلے گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹر عثمان قادر نے نیو ساؤتھ ویلز میں رہائش اختیار کر لی جہاں وہ سڈنی میں ہاکسبری کلب کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ عثمان قادر نے گزشتہ برس اکتوبر میں مایوس ہو کر پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، وہ اپنے مرحوم والد عبدالقادر کی خواہش پر آسٹریلیا چھوڑ کر پاکستان آئے تھے۔ پاکستان کے سابق کرکٹر مرحوم عبدالقادر اپنے بیٹے عثمان قادر کو پاکستان کی جانب سے کھیلتا دیکھنا چاہتے تھے۔ عثمان قادر نے ایک ون ڈے اور 25 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ عثمان قادر نے ساؤتھ آسٹریلیا کی نمائندگی کی، اس کے علاوہ وہ پرتھ اور ایڈیلیڈ کی جانب سے بگ بیش لیگ بھی کھیل چکے ہیں، انہیں آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کی جانب سے بھی کھیلنے کا اعزاز ملا۔ اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ آسٹریلیا میں ہی کرکٹ کھیلنے کے پلان کے ساتھ عثمان قادر دوبارہ آسٹریلیا چلے گئے ہیں، عثمان قادر کی فیملی بھی جلد آسٹریلیا چلی جائے گی۔ اس حوالے سے عثمان قادر نے کہا ہے کہ کرکٹ ہی میرا روزگار ہے، مستقبل کے پلان کے ساتھ آسٹریلیا آیا ہوں، پرامید اور پرعزم ہوں کہ کرکٹ میں ہی مجھے اچھے مواقع ملیں گے۔