اگر مدارس نہ ہوتے تو نظریہ پاکستان دفن کر دیا جاتا، مولانا فضل الرحمان
01-14-2025
(لاہور نیوز) سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر مدارس نہ ہوتے تو نظریہ پاکستان دفن کر دیا جاتا۔
مولانا فضل الرحمان نے وہاڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سروں پر پگڑیاں سر جھکانے نہیں اونچا کرنے کیلئے پہنی ہیں، علما کرام کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی قیادت نے ہمیشہ ہم آہنگی کو آگے بڑھایا، اگر مدارس نہ ہوتے تو نظریہ پاکستان دفن کر دیا جاتا، ہمیں نشانہ بنایا گیا لیکن انہیں کچھ نہیں کہا جو تعصبات پھیلاتے ہیں۔ سربراہ جمعیت علما اسلام کا کہنا تھا کہ شرعی عدالت کے فیصلوں کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی، شرعی عدالت کا اپنا جج تو چیف جسٹس تک نہیں بن سکتا، ہم سود کے خاتمے کی آئینی ترمیم لانےمیں کامیاب ہوئے، 26ویں ترمیم میں سود کے خاتمے نے شرعی عدالت کو طاقت دی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان دینی مدارس کیخلاف ہے، کیسےقبول کر لوں؟ جبکہ بلوچستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مریض آج بھی علاج کیلئے کراچی جاتا ہے، اس طرح ملک نہیں چلے گا، یہ ملک ہمارا ہے، تمہارے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔